تحریک انصاف نے رینجرز کے اختیارات کا معاملہ حل نہ کرنے پر احتجاج کی دھمکی دیدی
کراچی (این این آئی) تحریک انصاف نے رینجرز کے اختیارات میں اضافے کیلئے احتجاج کی دھمکی دیدی۔ فیصل واوڈا کی رہائش گاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ رینجرز کے اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت حیل و حجت سے کام لے رہی ہے۔ رینجرز کی کرپشن کیخلاف کارروائی کا براہ راست اثر پی پی پی کی قیادت پر پڑرہا ہے، یہ چوہے بلی کا کھیل ختم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کرپشن کیخلاف کارروائی کر رہی ہے جس کا اثر براہ راست پی پی کی لیڈرشب پر پڑرہا ہے۔ ہم رینجر ز کو اپنی بقا کا ضامن سمجھتے ہیں۔ رینجرز نے کراچی میں امن کے قیام کیلئے بےش بہا قربانیاں دی ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد کا سہرا بھی رینجرز کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کو پَر کٹے کبوتر کی طرح نہیں دیکھنا چاہتے۔ پی پی نے اگر رینجرز کے اختیارات میں اضافہ نہیں کیا تو اسمبلی میں احتجاج کریں گے اور رینجرز کے اختیارات میں اضافہ ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اس موقع پر فیصل واڈا نے کہا کہ رینجرز شہر میں امن لے کر آئی ہے۔ اختیارات میں توسیع نہ کی گئی تو پھر احتجاج کریں اور اپنا لائحہ عمل طے کریں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آئی جی سندھ قتل میں ملوث ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال بے بس آدمی ہیں۔