کبھی ہاں کبھی ناں! بھارت کیخلاف کرکٹ سیریز منسوخ‘ پی سی بی اعلان آج کریگا
لاہور (سپورٹس رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ سے مثبت جواب نہ ملنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بالآخربھارت کے خلاف سیریز کا باب بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ سیریز کے انعقاد میں ناکامی کا اعلان آج کیا جائے گا۔پی سی بی چیئرمین شہریار خان نے جمعرات کو بذریعہ ای میل بی سی سی آئی سے 48 گھنٹوں میں حتمی جواب دینے کو کہا تھا، بصورت دیگر وہ انڈیا کے خلاف سیریز نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیں گے۔شہریار نے ڈان کو بتایا کہ انہیں بی سی سی آئی سے ہفتہ کی شام تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا، لہذا وہ سیریز کا باب بند کرنے جا رہے ہیں۔تاہم، ہم اس حوالے سے پیر کو اعلان کریں گے۔ہم نے بھارت سے کھیلنے کی ہر ممکن کوشش کی، حتی کہ بی سی سی آئی کی خواہش پر وینیو بھی تبدیل کر دیا، تاہم، ہماری کوششیں رائیگاں گئیں۔سیریز کے انعقاد میں ناکامی سے دنیا بھر کے بالخصوص پاکستان اور بھارت میں لاکھوں کرکٹ شائقین مایوس ہوئے‘۔ سیریز نہ ہونا کرکٹ کیلئے اچھا نہیں اور وہ آئی سی سی اور باہمی سطح پربھارت کو اپنے جذبات سے آگاہ کریں گے۔شہریار کے مطابق انہوں نے بی سی سی آئی کو فیصلہ کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ وقت دیا اور اس کیلئے کئی بار ڈیڈ لائن بڑھائی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی کو سیریز منسوخ ہونے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا اور وہ اتنے مختصر وقت میں سیریز کے انتظامات کرنے سے قاصر ہیں۔بی سی سی آئی نے سیریز کھیلنے پر آمادگی ظاہر کی تھی لیکن بھارتی حکومت نے سیاسی بنیادوں پر تاحال این او سی جاری نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ معاملہ آئی سی سی فورم پر اٹھائیں گے۔