• news

بھارت سے تعلقات بہتر ہوئے تو کرکٹ کیا تمام مسائل حل ہوجائینگے: طارق فاطمی

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے کہا ہے کہ افغانستان مصالحتی عمل کیلئے جیسا تعاون مانگے گا پاکستان دیگا۔ پیرس میں پاکستان بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات 2 منٹ ہوئی۔ سشما سوراج کا دورہ پاکستان اسی ملاقات کا تسلسل ہے ۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان، بھارت کرکٹ سیریز دونوں بورڈز کا مسئلہ ہے انکے درمیان معاہدہ پر بات چیت بھی ہوئی۔ وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ہم بھارت سے بار بار کرکٹ سیریز کیلئے استدعا نہ کریں۔ پیرس میں نوازشریف اپنے کمرے میں تھے جب مودی دوسرے کمرے سے انکے پاس آئے تو نوازشریف نے انہیں بیٹھنے کا کہا۔ اس موقع پر مودی نے نوازشریف سے کہا کہ رابطہ رُک گیا ہے کوئی بات چیت نہیں ہورہی۔ قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ملاقات ہونی چاہئے۔ پھر مشیروں کی ملاقات کیلئے بنکاک کے علاوہ سنگاپور پر غور ہوا۔ موجودہ جامع مذاکرات میں کوئی چیز پوشیدہ نہیں رکھی گئی۔ ممبئی حملوں میں پاکستان کا ریکارڈ کلیئر ہے، ہمیں گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ ممبئی حملے میں صرف بھارتی نہیں بہت سارے ممالک کے شہری مارے گئے۔ مذاکرات کے سلسلے کو آگے بڑھانے کیلئے سیکرٹری خارجہ دہلی جائیں گے۔ دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے تو کرکٹ کیا تمام مسائل ہی حل ہوجائیں گے۔ آج جو حالات ہیں وہ تقریباً پہلے سے تو بہتر ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے باعث حالات بہتر ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن