بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ جاری، کاروبار زندگی شدید متاثر، شرقپور میں مظاہرہ
لاہور (نامہ نگاران) بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث کاروبار زندگی شدید متاثر رہا اور لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، گیس کی بندش کے باعث لوگ کھانا بازار سے خریدنے پر مجبور ہو گئے۔ شرقپور میں گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ساہیوال سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث لوگوں کے گھریلو معمولات زندگی بھی شدید متاثر ہوئے۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث تاجروں اور گھریلو خواتین کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کیخلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ سوئی گیس کے عملہ نے صبح ناشتے اور شام کھانا پکانے کے وقت گیس کی لوڈشیڈنگ کرکے شرقپور شہر اور گردونواح کے مکینوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ شہر کی مختلف تنظیموں، خواتین اور بچوں نے سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ روزانہ صبح اور شام گیس بند کر دی جاتی ہے جس کی وجہ سے ان کے بچے بغیر ناشتے سکول جانے پر مجبور ہیں۔ بچیکی سے نامہ نگار کے مطابق غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث شہریوں کو شدید پریشان کا سامنا رہا۔ ایک ماہ سے واپڈا سب ڈویژن میں 12 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ مرمت کے نام پر کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہنے لگی۔
لوڈشیڈنگ