نیب نے امیر حیدر ہوتی، ارباب عالمگیر، اسلم رئیسانی کے خلاف تحقیقات مکمل کر لیں
اسلام آباد (آن لائن) نیب نے سابق وزیراعلی خیبر پی کے امیر حیدر ہوتی، سابق وزیر مواصلات ارباب عالمگیر، سابق وزیر اعلی بلوچستان اسلم رئیسانی کے خلاف کرپشن تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں چیئرمین نیب مستقبل قریب میں فیصلہ کریں گے جبکہ امیر حیدر ہوتی، ارباب عالمگیر، ایم این اے سراج محمد خان کی کرپشن کے ثبوت بھی مل گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعلی بلوچستان اسلم رئیسانی کے خلاف 100 ملین کے زائد اثاثے بنانے اور محکمہ مال میں درجنوں افراد کو غیر قانونی طریقہ سے بھرتی کرنے اور سونے کے ریکوڈک منصوبہ میں اربوں کی کرپشن کے بارے میں تحقیقات مکمل کر لی گئی ہے۔ سابق چیئرمین ریکوڈک محمد فاروق کے خلاف بھی شواہد مل گئے ہیں۔ سینیٹر سحر کامران کے خلاف کرپشن کے ثبوت وزارت خارجہ نے نیب کو فراہم کر دیئے ہیں ۔ سحر کامران پر الزام ہے انہوں نے جدہ میں انٹرنیشنل سکول کی سربراہ کی حیثیت سے کروڑوں روپے کی کرپشن کی تھی۔ نیب نے سابق جوائنٹ سیکرٹری وزارت ہاﺅسنگ اینڈ ورکس سکندر حیات کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں کے بارے میں بھی تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔ نیب ذرائع نے بتایا سابق وزیر مواصلات ارباب عالمگیر اور ان کی بیوی عاصمہ ارباب عالمگیر کی کرپشن کے دستاویزاتی ثبوت حاصل کر لئے گئے ہیں۔ دونوں نے کرپشن ذرائع سے پشاور میں بھاری پراپرٹی خریدی۔ نیب ذرائع نے بتایا چیئرمین نیب کی ہدایات کے مطابق 31 دسمبر سے قبل انکوائری مکمل کرنی تھی۔ رپورٹ ہیڈ آفس بجھوا دی گئی ہے۔
تحقیقات مکمل