• news

ننکانہ: مقابلے میں ہلاک دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی‘ تعلق کالعدم تنظیم سے تھا

ننکانہ صاحب (نامہ نگار + نمائندہ نوائے وقت) ننکانہ صاحب کے گاﺅں قلعہ میاں سنگھ میں مقابلے میں ہلاک ہونے والے پانچوں دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی، تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ ہلاک ہونے والوں اور تین فرار ہونے والے دہشت گردوں کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی برکی میں درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دو روز قبل ننکانہ صاحب کے علاقہ منڈی فیض آبادکے گاﺅں قلعہ میاں سنگھ میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے ہلاک ہونے والے پانچ دہشت گردوں کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے۔ پانچوں کا تعلق جنوبی پنجاب سے تھا۔ ان میں مظفر گڑھ کے رہائشی عطاءاللہ اور حافظ عرفان، رحیم یار خاں کے رہائشی اویس آصف، بھکر کے رہائشی خالد معاویہ، جلال پور پیر والا ضلع ملتان کے رہائشی بلال شامل ہیں۔ دہشت گردوں کے لواحقین کو سی ٹی ڈی پولیس نے متعلقہ تھانوں کے ذریعے اطلاع پہنچائی جس پر گزشتہ روز پانچوں دہشت گردوں کے لواحقین ڈسٹرکٹ ہسپتال ننکانہ صاحب پہنچے جہاں انہوں نے نعشوں کی شناخت کر لی۔ دو روز گزر جانے کے باوجود بھی دہشت گردوں کی نعشوں کا تاحال پوسٹمارٹم نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق نعشوں کے پوسٹمارٹم کے بعد میتیں ان کے لواحقین کے حوالے کر دی جائیں گی۔
ننکانہ شناخت

ای پیپر-دی نیشن