• news

عمران قتل کیس میں پیشرفت ہوئی تو متحدہ کا شیرازہ بکھر جائےگا: آفاق احمد

اسلام آباد (آن لائن) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ مہاجر قوم کی اصل آواز ایم کیو ایم حقیقی ہے۔ ریئس امروہی اور اختر رضوی اس بات پر الطاف حسین سے سخت نالاں تھے کیوں کہ الطاف ان سے بضد تھا کہ وہ دونوں اسے ہندوستان کی اہم شخصیات سے متعارف کرائیں مگر انہوں نے سختی سے منع کر دیا۔ ایک انٹرویو میں آفاق احمد کا کہنا ہے کہ لندن میں عمران فاروق قتل کیس میں جب کوئی بڑی پیشرفت ہوئی تو لازمی اس کے منفی اثرات کراچی میں نمودار ہوں گے اور متحدہ قومی موومنٹ کا شیرازہ بکھر جائے گا۔ رابطہ کمیٹی کا ایک بھی رکن کراچی میں نہیں رہے گا۔ یہ سب باہر بھاگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم طارق بھائی ایک دن مجھ سے گلے مل کر خوب روئے وہ بار بار کہہ رہے تھے ہمیں نقصان پہنچانے والا اپنا ہی ہے میں الطاف کو بہت سمجھاتا ہوں مگر وہ کسی بات کو ماننے کے لئے تیار نہیں ہے کچھ عرصے بعد طارق عظیم بھائی ہم میں نہ رہے اور ایسا ہی عمران فاروق کے ساتھ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں الطاف حسین کے حوالے سے ایک ثبوت موجود ہے جس کے تحت ان کے خلاف کارروائی کی جا سکتی ہے۔ نائن زیرو پر خواتین کے ساتھ ناروا سلوک پر طارق عظیم نے مجھے چپ رہنے کو کہا بعد میں اس وقت کے آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ نے مجھے فون کر کے میری غیر ذمہ داری پر ڈانٹا بھی تھا۔
آفاق احمد

ای پیپر-دی نیشن