• news

عمران فاروق قتل کیس، تینوں ملزموں کا 14روزہ ریمانڈ، ایف آئی اے کے حوالے، مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پھر تبدیل

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) عمران فاروق قتل کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے تینوں ملزموں کا 14 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور انہیں ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی سماعت کی۔ ایف آئی اے نے ملزموں کو پیش کئے بغیر جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ ملزمان معظم علی، خالد شمیم اور محسن علی سید کو عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے تمام دلائل سنتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا جو کچھ دیر بعد سنا دیا۔ علاوہ ازیں عمران فاروق قتل کیس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم ایک بار پھر تبدیل کردی گئی‘ نئی ٹیم کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس سے متعلق بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پھر تبدیل کردی ہے۔ جی آئی ٹی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد شعیب‘ ڈی ایس پی سندھ ونگ کے راجہ طاہر اقبال رکن ہوں گے۔ ٹیم کے سربراہ بدستور مظہر الحق کاکا خیل ہوں گے۔ اس کے علاوہ آئی ایس آئی اور آئی بی کے اہلکار بھی ٹیم میں شامل ہوں گے۔
ریمانڈ منظور

ای پیپر-دی نیشن