کالعدم تنظیموں سے تعلق کا الزام‘ پنجاب یونیورسٹی کے دو اسسٹنٹ پروفیسرگرفتار‘ ایک رہا‘ طالب علم بھی پکڑا گیا
لاہور(سٹاف رپورٹر) اینٹی کاونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں سے تعلق کے شبہ میں پنجاب یونیورسٹی کے مزید 2اسسٹنٹ پروفیسروں اور ایک طالبعلم کو حراست میں لے لیا ہے۔ بعد ازاں ایک پروفیسر کو وی سی کی ایڈوائزر ٹو سی ایم کو درخواست کے بعد رہا کر دیا گیا جبکہ آئندہ چند دنوں میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے دوسری جانب اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے گرفتاریوں کی مذمت کی گئی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سی ٹی ڈی نے گذشتہ روز پنجاب یونیورسٹی کے ہاسٹل نمبر 1پر چھاپہ مارتے ہوئے کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اسسٹنٹ پروفیسر عمر نواز اور بی ایم ٹی ہاسٹل پر چھاپہ مارتے ہوئے انسٹی ٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عامر سعید اور طالبعلم وقاص کو گرفتار کر لیا ہے پروفیسروں کا کالعدم تنظیموں سے تعلق اور مبینہ دہشت گردوں کو ہاسٹل میں قیام پر حراست میں لیا گیا ہے تاہم ان سے تفتیش جاری ہے اور تفتیش مکمل ہونے پر اصل حقائق سامنے آ سکیں گے دوسری جانب اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم، نائب صدر پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین چودھری، ڈاکٹر فہیم آفتاب، سیکرٹری ڈاکٹر محبوب حسین اور دیگر رہنماﺅں نے کہا ہے کہ بغیر اطلاع گرفتاریوں پر یونیورسٹی کے اساتذہ میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اساتذہ کے ساتھ جس انداز میں بدسلوکی کی گئی ہے وہ ناقابل برداشت ہے اساتذہ سرکاری ملازم ہیں اور ان کے خاندان یہیں موجود ہیں وہ کہیں بھاگ نہیں سکتے۔ جس بھی استاد پر شک ہے وہ رضاکارانہ طور پر بھی بلانے پر تفتیش میں تعاون کر سکتے ہیں۔ اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن نے اساتذہ کی گرفتاری پر جنرل باڈی کا ہنگامی اجلاس آج صبح ساڑھے 11 بجے انسٹی ٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری و بائیوٹیکنالوجی کے آڈیٹوریم میں طلب کر لیا ہے۔ تینوں گرفتاریاں یونیورسٹی کے زیرحراست پروفیسر ڈاکٹر غالب عطا سے تحقیقات کی روشنی میں کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں سی ٹی ڈی کی جانب سے گرفتار کئے گئے 1پروفیسر کو وی سی کی ایڈوائزر ٹو سی ایم کو درخواست کے بعد رہا کر دیا گیا۔ پنجاب یونیورسٹی میں سرچ آپریشن کے دوران چرس برآمد ہونے پر 2 ملازمین کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ گذشتہ روز 2 پروفیسروں اور 1 طالب علم کو حراست میں لیا گیا پروفیسروں کی گرفتاری پر پنجاب یونیورسٹی کے اکیڈمک سٹاف کی جانب سے مذمت اور آئندہ لائحہ عمل پر اجلاس کی کال پر انتظامیہ نے بھی نوٹس لیا۔ وائس چانسلر مجاہد کامران نے اسسٹنٹ پروفیسر عمر نواز کی رہائی کےلئے سی سی پی او کیپٹن (ر) امین وینس اور ایڈوائزر ٹو سی ایم رانا مقبول سے رابطہ کیا جس پر عمر نواز کو رہا کر دیا گیا۔ پروفیسرکی رہائی پر مجاہد کامران نے ایڈوائزر ٹو سی ایم رانا مقبول اور سی سی پی او کیپٹن (ر) امین وینس کا شکریہ بھی ادا کیا دوسری جانب مسلم ٹاون پولیس کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی میں سرچ آپریشن کے دوران 2 افراد کو روک کر تلاشی لی گئی تو ان سے چرس برآمد ہوئی ملزمان میں عبدالرﺅف اور خالد شامل ہیں۔
2 پروفیسر گرفتار