حکومتی اجازت کے منتظر ہیں: بھارتی کرکٹ بورڈ، پاکستان کے ساتھ سیریز کے لئے جائلز کلارک کی کوششیں بھی ناکام
لندن+ لاہور (بی بی سی + سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) بھارتی کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک پر بھی یہ بات واضح کردی ہے کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے لئے وہ بھارتی حکومت کے جواب کا منتظر ہے۔ اس طرح پاک بھارت سیریز کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان ثالث کا کردار ادا کرنے والے جائلز کلارک کی کوششیں بھی بار آور ثابت نہیں ہو سکی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے بی بی سی کو بتایا کہ جائلز کلارک نے پیر کے روز انہیں پاک بھارت سیریز سے متعلق کوئی بھی فیصلہ کرنے سے روکتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ سے خود رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ نے انھیں بھی وہی جواب دے دیا کہ اسے بھارتی حکومت کی جانب سے اجازت کا انتظار ہے۔ شہریارخان نے کہا کہ جائلز کلار ک نے انہیں پیر کی شب بھارتی کرکٹ بورڈ کے تازہ ترین جواب سے مطلع کردیا۔ شہریارخان نے کہا کہ اب وہ اس سیریز کے بارے میں مزید کوئی بات نہیں کریں گے۔ جو بھی کہنا ہے وہ بھارتی کرکٹ بورڈ کہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مجوزہ سیریز کے لئے کئی بار بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کر چکا ہے لیکن بھارتی کرکٹ بورڈ اسے حتمی جواب دینے سے گریز کر رہا ہے۔ شہریار خان نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ششانک منوہر کے اس بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا جس میں انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کسی بھی خط کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار احمد خان نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا، ہمارا فیصلہ تو سیریز کھیلنا ہی ہے، اب فیصلہ بھارتی بورڈ نے کرنا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا ہے کہ ایم او یو میں یہی تھا کہ سیریز حکومتوں کی رضامندی سے ہوگی۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک بار بند ٹوٹ جائے تو پھر سلسلہ آگے بڑھائیں گے۔ اب بہت دیر ہوچکی ہے، براڈ کاسٹرز اور بُکنگ کے حوالے سے انتظامات تقریباً ناممکن ہوچکے ہیں۔دریں اثناء بی سی سی آئی چیف ششانک منوہر نے پاک بھارت کرکٹ سیریز پر ایک بار پھر چالاکی دکھائے ہوئے کہ پاک بھارت سیریز پر پی سی بی کا خط نہیں ملا۔ پی سی بی نے سیریز پر حتمی جواب کیلئے 10دسمبر کو خط بھی لکھا ۔