مرید کے: دو روز قبل حادثے میں زخمی ہونیوالا نوجوان ہسپتال میں دم توڑ گیا شادی والا گھر ماتم کدہ میں تبدیل
مرید کے (نامہ نگار) عزیز کو بہن کی شادی کا کارڈ دینے جانے والا 22 سالہ نوجوان 2 دن موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔ شادی والا گھر ماتم کدہ بن گیا۔ آبادی محلہ احمد پورہ نور پارک کا 22 سالہ نوید 2 روز قبل اپنے کسی عزیز کو چند دن بعد ہونے والی بہن کی شادی کا کارڈ دینے گیا۔ جب وہ جی ٹی روڈ کراس کرنے لگا تو اسے ٹرک نے ٹکر مار دی جس سے اس کی چھاتی اور سینے میں شدید چوٹیں آئیں اور وہ بے ہوش ہو گیا جسے جنرل ہسپتال داخل کروا دیا گیا جہاں گذشتہ رات وہ دم توڑ گیا۔ اس کی میت گھر پہنچنے پر گھر میں کہرام مچ گیا اور بہن پر غشی کا دورہ پڑ گیا جبکہ ماں باپ او ربہن بھائی نوید کی نعش سے لپٹ کر روتے رہے۔