• news

سپریم کورٹ کی ضلعی عدالتوں کے انچارج و سیشن ججز کو جیلوں کے دورے کرنے کی ہدایت

لاہور( ایف ایچ شہزاد سے) سپریم کورٹ نے نیشنل جوڈیشل پالیسی کے مطابق قیدیوں کے حقوق کو یقینی بنانے کیلئے ہائی کورٹس کی ضلعی عدالتوں کے انچارج ججز اور سیشن ججز کو جیلوں کے دورے کرنے کی ہدایت کر دی۔ ہائی کورٹس اور ان کے توسط سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو بھجوائے گئے مراسلے میں کہا گیا کہ شیڈول کے مطابق جیلوں کے ہفتہ وار، پندرہ روزہ اور ماہانہ دوروں کی رپورٹ سپریم کورٹ کو بھجوائی جائے جیلوں میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں‘ علاج معالجہ‘ ادویات کی فراہمی اور نوعمر قیدیوں کی تعلیم و تربیت کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔ یہ بھی کہا گیا کہ رپورٹس میں عمومی طور پر تمام قیدیوں اور خصوصاً خواتین و نوعمر قیدیوں کی فلاح و بہبود‘ انہیں دستیاب سہولتوں میں اضافے اور ان کی ذہنی و جسمانی تربیت کے لئے خصوصی اقدامات کے حوالے سے سفارشات بھی بھجوائی جائیں۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی طرف سے مراسلہ متعدد جیلوں کے قیدیوں کی طرف سے لکھے گئے خطوط کے بعد ارسال کیا گیا۔ قیدیوں نے جیل حکام کے خلاف متعدد شکایات کا ذکر کیا جس سے ان کے بنیادی حقوق متاثر ہوتے ہیں۔ زیادہ تر شکایات علاج و معالجہ کی ناقص اور ناکافی سہولیات اور معیاری کھانے کی عدم فراہمی سے متعلق بھجوائی گئی ہیں۔ عدالتی ذرائع کے مطابق آئندہ ججز کے جیل کے دوروں کی روشنی میں قیدیوں کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرنے، خالی پوسٹوں پر بھرتی کرنے‘ جیل کے بجٹ میں اضافہ‘ ترقیاتی سکیموں کے لئے مناسب فنڈز کی فراہمی، جیل ہسپتال میں طبی آلات و مشینوں کی فراہمی اور قیدیوںکی ووکیشنل ٹریننگ کے پروگراموںکے لئے شفارشات بھی مرتب کی جائیں گی۔ جو بعد ازاں صوبائی ہوم سیکرٹریز اور متعلقہ صوبوں کے آئی جی جیل خانہ جات کو ارسال کی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن