• news

2015ئ: لاہور کی ماتحت عدالتوں میں ایک لاکھ 65 ہزار، 837 مقدمات دائر ہوئے

لاہور (رپورٹ: شہزادہ خالد) لاہور کی ماتحت عدالتوں میںسال 2015 ء کے دوران ایک لاکھ 65 ہزار 837 مقدمات دائر ہوئے جن میں فوجداری و دیوانی معاملات سمیت طلاق،خلع،جہیز کی واپسی، نان و نفقہ دلائے جانے، بچوں کی حوالگی و دیگر مقدمات شامل ہیں۔ گارڈین کورٹس میں 8252، سول کورٹس میں 35351، فیملی کورٹس میں 15197 اور سیشن کورٹس میں 78219 کیسز و اندراج مقدمات کی درخواستیں دائرہوئیں۔ لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹس کے پاس زیرسماعت مقدمات کی تعداد 74778 ہوگئی۔ 6 ماہ کے دوران دفعہ 30 کے مجسٹریٹ کے پاس 1520 اور فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے پاس 4826 کیس آئے۔ان اعدادو شمار سے معاشرے میں بڑھتے ہوئے جرائم اور لاہور پولیس کی کارکردگی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ کینٹ کچہری، ماڈل ٹائون کچہری اور ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹس نے 15943 کیسز کا فیصلہ سنایا۔ ماتحت عدالتوں میں پرانے زیرسماعت مقدمات کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہے۔ تھانوں میں پولیس کی طرف سے انصاف نہ دیئے جانے پرسائلین کو عدالتوں کا رخ کرنا پڑا۔ سیشن کورٹس نے رواں سال 29936 مقدمات کے فیصلے کئے۔

ای پیپر-دی نیشن