پی آئی اے کی نجکاری، کمپنی بنانے کے آرڈیننس کیخلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) پی آئی اے کی نجکاری روکنے اور قومی ائیر لائن کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے کے حوالے سے جاری آرڈیننس کو کالعدم قرار دینے کے لئے سپریم کورٹ رجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی۔ بیرسٹر ظفراللہ کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی آئی اے کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے کے صدارتی آرڈیننس کی کوئی آئینی اور قانونی حیثیت نہیں ہے۔ پی آئی اے کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے اور نجکاری کے لئے مشترکہ مفادات کونسل اور پارلیمنٹ سے منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ پی آئی اے قوم کی ملکیت ہے جسے غیر آئینی طور پر لمیٹڈ ادارے کی حیثیت نہیں دی جا سکتی۔ صدارتی آرڈیننس کو کالعدم قرار دیا جائے اور عدالتی فیصلہ آنے تک آرڈیننس پر عمل درآمد کو روکا جائے۔