مریدکے: فرنچائز کا مالک بلوں کے 20 لاکھ روپے لے کر فرار، سینکڑوں دیہاتیوں کے میٹر کاٹ دئیے گئے، متاثرین کا احتجاج
مریدکے (نامہ نگار) فرنچائز مالک سینکڑوں دیہاتیوں سے بل وصولی کی 20 لاکھ روپے کی رقم لے کر فرار ہوگیا، واپڈا اور سوئی گیس کے محکموں نے سینکڑوں دیہاتیوں کے کنکشن کاٹ دئیے جس پر دیہاتیوں نے شدید احتجاج کیا اور نارووال روڈ پر دھرنا دیا۔ تفصیل کے مطابق مریدکے تھانہ صدر کی آبادی شہزاد ٹائون میں رانا اشرف نامی شخص نے نادرا فرنچائز آفس کے نام پر بجلی اور گیس بلز جمع کرنے کا 6 ماہ سے دفتر بنا رکھا تھا جہاں پر چوڑا راجپوتاں کوٹ، سیداں مونگشا، ماڑی چہلاں، شہزاد ٹائون، سلطان پارک کے سینکڑوں دیہاتی بل جمع کرواتے تھے۔ رانا اشرف بل جمع کروانے کی بجائے رقم اپنے پاس رکھ کر جعلی رسیدیں انہیں تھماتا رہا، جب دیہاتی اس سے بل جمع کرانے کا مطالبہ کرتے تو وہ اگلے ماہ جمع کروانے کا جھانسہ دے دیتا آخر کار بل جمع نہ ہونے پر واپڈا اور گیس کے محکمہ نے دیہاتیوں کے سینکڑوں کی تعداد میں کنکشن کاٹ دئیے، جس پر سینکڑوں لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔