• news

بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری، گیس کی قلت بھی برقرار، گجرات میں مظاہرے

لاہور (کامرس رپورٹر) بجلی کی لوڈشیڈنگ گزشتہ روز بھی جاری رہی جبکہ گیس کی قلت بھی برقرار رہی۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردی بڑھتے ہی گیس کا استعمال بڑھ گیا جس کے باعث گیس کا شارٹ فال بڑھ کر ایک ہزار ملین کیوبک فٹ تک پہنچ گیا۔ شارٹ فال بڑھنے پر نہ صرف گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا بلکہ پریشر بھی انتہائی کا ہو گیا۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے ساتھ گیس کی بھی لوڈ شیڈنگ سے کاروبار زندگی شدید متاثر ہونے لگے۔ صبح دوپہر اور رات کے وقت گیس کی لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صوبائی دارالحکومت کے کئی علاقوں میں تینوں اوقات میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کی گئی اور جن علاقوں میں گیس بحال رہی وہاں بھی پریشر انتہائی کم رہا جس کے باعث مردوں اور بچوں کو ناشتہ کے بغیر ہی جانا پڑا۔ دوپہر کو بھی گھروں میں کھانا نہ پک سکا۔ دوسری جانب شہروں میں 6 سے 8 گھنٹہ جبکہ دیہی علاقوں میں 10 گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ کی گئی۔ لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ گجرات سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس کی بندش عروج پر پہنچ گئی۔ گیس کی بندش کیخلاف کئی علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن