سانگھڑ : پیپلز پارٹی فنکشنل لیگ کے کارکنوں میں تصادم‘ دو پولیس اہلکاروں سمیت چار جاں بحق
سانگھڑ/ ٹنڈو آدم (نامہ نگاران) سانگھڑ شہر میں فنکشنل مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے حامیوں کے مابین تصادم اور فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے، 9 شدید زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں رئیس گل محمد مری‘ گل محمد شاہ‘ پولیس اہلکار نبی بخش ڈیرو ولد محمد فقیر ڈیرو پولیس اہلکار محمد عاشق مری ولد غلام حیدر مری شامل ہیں۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ فنکشنل کی جانب سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا، دونوں جماعتوں کی ریلیاں باکھوڑو روڈ پر ایک دوسرے کے آمنے سامنے آگئیں۔ اس موقع پر دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کیخلاف شدید نعرے بازی کی جس کے بعد اس نے مسلح تصادم کی شکل اختیارکرلی۔ واقعہ کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا۔ سانگھڑ میں ہونے والے دردناک حادثے کیخلاف ٹنڈو آدم میں پیپلز پارٹی کے ورکروں کی جانب سے شدید احتجاج ٹنڈو آدم شہر مکمل طور پر بند ہوگیا۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں 17 دسمبر کو ہونے والے ضمنی بلدےاتی انتخابات کے دوران پولنگ سٹیشنز پر امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گےا ہے۔ اس ضمن میں وزارت داخلہ سندھ نے وفاقی حکومت کو فوج کی 24 کمپنیوں کو تعینات کرنے کیلئے خط بھیج دےا ہے۔
سندھ/ضمنی الیکشن