• news

900 کلومیٹر تک مار کرنیوالے شاہین ون اے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ون اے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ میزائل مختلف وار ہیڈز کے ساتھ 900 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی استعداد رکھتا ہے۔ جس میں روایتی اور ایٹمی وار ہیڈز شامل ہیں۔ تجربہ کا مقصد میزائل کے مختلف ڈیزائن اور تکنیکی پہلوﺅں کا جائزہ لینا تھا۔ واضح رہے کہ چند روز پہلے پاکستان نے شاہین تھری میزائل کا بھی کامیاب تجربہ کیا تھا۔ شاہین تھری ساڑھے ستائیس سو کلو میٹر تک مار کرتا ہے۔ شاہین سیریز کے تمام میزائل ٹھوس ایندھن سے چلتے ہیں اور نیسکام کے بنائے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شاہین ون اے، ڈیزائن اور وار ہیڈ لے جانے کی استعداد کے اعتبار سے شاہین ون میزائل سے مختلف ہے اسی لئے اس میزائل کو شاہین ون اے کا الگ نام دیا گیا ہے۔ بحیرہ عرب میں میزائل نے اپنے ہدف کو 100 فیصد کامیابی سے نشانہ بنایا اس موقع پر سٹریٹجک پلانز ڈویژن، سٹریٹجک فورسز کے اعلیٰ افسران سمیت سائنسدان اور انجینئر موجود تھے۔ سٹریٹجک پلانز ڈویژن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل مظہر جمیل نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں، عزم اور سائنسدانوں و انجینئروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ یہ پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اور قدم ہے۔ شاہین ون اے میزائل اپنے حساس اور جدید گائیڈنس سسٹم کی وجہ سے انتہائی درست نشانہ لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی جنگی صلاحیت کم از کم قابل اعتماد ڈیٹرنس کی بنیاد پر ہے اور ہم خطے میں پرامن بقائے باہمی چاہتے ہیں۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے بھی یہ اہم سنگ میل عبور کر نے پر سائنسدانوں اور انجینئروں کو مبارکباد دی۔
میزائل تجربہ

ای پیپر-دی نیشن