• news

سانحہ آرمی سکول کی آج پہلی برسی‘ دہشت گردی ختم کر کے رہیں گے : قوم کا عزم‘ ضرب عضب کی کامیابیاں دیرپا بنائیں گے : آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ آن لائن+ اے پی پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف اپنی کامیابیوں کو پائیدار بنانے کی کوشش جاری رہیں گی اور ان کامیابیوں کا دیرپا ہونا ہی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید اور زخمی ہونے والوں کیلئے زبردست خراج عقیدت ہو گا۔ آرمی چیف نے جی ایچ کیو میں کور کمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ شرکاءکانفرنس نے آپریشن ضرب عضب میں حاصل کامیابیوں کا ذکر کرنے کے ساتھ ساتھ آرمی پبلک سکول کے شہید طلبہ کے لواحقین کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 16دسمبر کو دہشت گردوں نے ایک بزدلانہ حملہ میں آرمی پبلک سکول پشاور کے معصوم طلبہ و عملہ سمیت 140 سے زائد افراد کو شہید کر دیا تھا۔ آج 16 دسمبر کو ان شہدا کی پہلی برسی ہے۔ شرکاءکانفرنس کو ملک کی داخلی اور بیرونی سلامتی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ شرکاءنے خطہ میں ابھرتی ہوئی جیوسٹریٹجک صورتحال اور اس کے ملکی سلامتی پر مرتب ہونے والے اثرات کا بھی جائزہ لیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مقاصد کے حصول اور انہیں مستحکم بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔ آن لائن کے مطابق جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف قربانی دینے والوں کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جائیگا، ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہمیشہ ثابت قدم رہیں گے۔ عاصم سلیم باجوہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں شرکاءنے اے پی ایس کے شہداءکو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے والدین سے اظہار یکجہتی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ آپریشن ضرب عضب سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق شرکاءکو دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن اور ملکی سکیورٹی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ اے پی ایس کے شہداءاور زخمیوں نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں۔آرمی چیف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو مزید مستحکم کر نے کےلئے اقدامات جاری رکھیں گے اور یہ شہداءاور زخمیوں کےلئے سب سے بڑا خراج عقیدت ہوگا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو دیرپا بنائیں گے۔ شہدا کی پہلی برسی کے موقع پر پوری قوم دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن