وزیراعظم استعفی قبول نہ بھی کریں، عہدے پر واپس نہیں آئوں گا: شجاعت عظیم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) شہری ہوا بازی کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی شجاعت عظیم نے کہا ہے کہ اس منصب پر فائز کئے جانے سے پہلے وزیراعظم کو علم تھا کہ ائرفورس میں دوران ملازمت ان کا کورٹ مارشل ہو چکا ہے۔ وزیراعظم ان کا استعفیٰ قبول کریں یا نہیں وہ اس عہدے پر واپس نہیں آئیں گے۔ وہ وزیراعظم کو کسی بھی مشکل سے بچانے کیلئے عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔ منگل کی شام یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ائر فورس سے انہوں نے استعفیٰ دیا تھا جو قبول نہیں ہوا حالانکہ ان سے جونیئرز کے استعفے قبول کئے گئے۔ استعفیٰ دینے میں ناکامی پر جب وہ دفتر تاخیر سے پہنچے تو ان کا کورٹ مارشل ہو گیا یہ ایسا جرم ہے جس پراکثر پاکستانیوں کو سزا ہو سکتی ہے۔