• news

لاہور میں 11 ماہ کے دوران شہریوں سے اربوں روپے لوٹ لئے گئے

لاہور (میاں علی افضل سے) صوبائی دارالحکومت میں گذشتہ 11ماہ کے دوران شہریوں سے اربوں روپے لوٹ لئے گئے۔ ڈاکوئوں ،چوروں ،نوسربازوں اور فراڈیوں نے بے خوف ہو کر وارداتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ ہزاروں شہری عمر بھر کی جمع پونجی سے محروم ہونے کے بعد تھانوں ،کچہریوں کے چکر لگانے لگے۔ پولیس کی ناکامی کی وجہ سے وارداتوں کا سلسلہ جاری رہا ، چور ،ڈاکوو دیگر جرائم پیشہ عناصر اور مختلف علاقوں میںمسلح ہو کر لوٹ مار کرتے رہے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر شہریوں کو 2ارب 80کروڑ 18لاکھ 89ہزار 367روپے سے محروم کردیا گیا ۔ دوران ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کو قتل کرنے کیساتھ ساتھ 58لاکھ 21ہزار 500روپے لوٹ لئے گئے ڈاکوئوں نے گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی دیگر وارداتوں میں 16کروڑ 91ہزار 535روپے جبکہ اسلحہ دکھائے بغیر شہریوں سے 2کروڑ 35لاکھ 75ہزار 538روپے چھین لئے ۔چوری کی ہزاروں وارداتوں میں شہریوںکی ایک ارب 43کروڑ 9لاکھ 72ہزار 654 روپے کی نقدی ،زیورات و قیمتی سامان چوری کر لیا گیا۔ ڈاکوئوں نے شہریوں سے مجموعی طور پر 5کروڑ 84لاکھ 65ہزار 75روپے مالیت کی گاڑیاں اور 10کروڑ 43لاکھ 29ہزار 500روپے مالیت کی موٹر سائیکلیں چھین لیں جبکہ دیگر وارداتوں میں 9کروڑ 5لاکھ 60ہزار روپے مالیت کی ویگنیں ،پیک اپ ،رکشے اور بسیں چھینی گئیں۔ 47کروڑ 85لاکھ 58ہزار مالیت کی گاڑیاں ، 17کروڑ 34لاکھ 45ہزار 400روپے مالیت کی موٹر سائیکلیں ، 14کروڑ، 88 لاکھ 81ہزار 143روپے مالیت کی ویگنیں ،بسیں، رکشے چوری ہوگئے دیگر وارداتوں میں بھی شہریوں کو کروڑوں روپے سے محروم کر دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن