عدالتی فیصلہ کے بعد تلور کے شکار کیلئے کوی اجازت نامہ نہیں دیا: وزارت خارجہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ چاول کی اچھی فصل اور کم برآمدات کے باعث اس وقت ملک میں چاول کی وافر مقدار موجود ہے۔عالمی منڈی میں چاول کی کم قیمت برآمدات میں کمی کی وجہ ہیں۔وزارت تجارت عالمی مارکیٹ میں چاول کے نئے خریدار تلاش کر رہی ہے۔ وزارت خارجہ کی طرف سے بتایا گیا کہ 2014-15ء کے دوران خلیجی ملکوں کی 29 شخصیات کو تلور کا شکار کرنے کے اجازت نامے جاری کئے گئے لیکن اگست 2015ء میں سپریم کورٹ کے فیصلہ کی پیروی میں مزید کوئی اجازت نامہ جاری نہیں کیا گیا۔ایک سوال کے جواب میں خارجہ امور کی طرف سے بتایا گیا کہ بنکاک میں پاک بھارت سلامتی مشیروں کی ملاقات میں دہشت گردی اور مسلہ کشمیر سمیت تمام دو طرفہ مسائل زیر غور آئے۔ اس ملاقات کے نتیجہ میں اسلام آباد بھارتی وزیر خارجہ نے اسلام آباد کا دورہ کیا اور ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کی۔ ایک اور سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ بھارتی جیلوں میں پاکستان کے 113 ماہی گیر اور 346 سویلین قیدیوں سمیت کل 459 قیدی موجود ہیں۔افغان جیلوں میں 171 پاکستانی قیدی موجود ہیں۔خالدہ منصور کے سوال پر ریاستی امور کے وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ نے بتایا کہ جنوبی وزیرستان کے پچاس دیہاتوں کے عارضی نقل مکانی کرنے والے افراد کی واپسی رواں سال اکتوبر میں مکمل ہو چکی ہے۔ نادرا سے تصدیق شدہ 30 ہزار خاندان تیسرے مرحلہ میں اگلے برس واپس جائیں گے۔وزیر تجارت خرم دستگیر نے بتایا کہ یوروپی یونین نے پاکستان کو جی ایس پی پلس کی سہولت ختم کرنے کے بارے میں خبردار نہیں کیا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا کہ اسرائیل اور آرمینیا دو ایسے ملک ہیں جن کے ساتھ پاکستان کے سفارتی تعلقات نہیں۔ پروین مسعود بھٹی کی طرف سے گزشتہ تین برس کے دوران پاکستان سے گدھوں کی کھالوں کی برآمد کی۔ تفصیلات پر سوال کیا گیا لیکن وزیر تجارت کی طرف سے بتایا گیا کہ اعداو و شمار کی فراہمی کیلئے ایف بی آر سے رابطہ کیا گیا ہے۔