خاتون اور نوجوان نے زندگی ختم کرلی، ماں کی 3بیٹیوں سمیت خود کشی کی کوشش
فیروز والا +سیالکوٹ+فیصل آباد (نامہ نگاران+نوائے وقت رپورٹ) فیروز والا اور سیالکوٹ میں خاتون سمیت 2 افراد نے زندگی ختم کر لی۔ تفصیلات کے مطابق قصبہ کٹھیالہ ورکاں (مریدکے) میں گھریلو جھگڑے پر خاتون شکیلہ نے زہریلی گولیاں کھا لیں حالت غیر ہونے پر ہسپتال لایا گیا جہاں پر وہ دم توڑ گئی۔ سیالکوٹ میں رنگپورہ پولیس کے مطابق تھانہ رنگپورہ کے علاقہ میں پسند کی جگہ پر رشتہ نہ ہونے پر سہیل نے اپنے سر میں گولی مار لی۔ گھریلو تنازعہ پر فیصل آباد میں خاتون نے اپنی 3 بچیوں کو زہر دینے کے بعد خود بھی زہریلی گولیاں کھالیں ماں اور بیٹیوں کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ بچیوں میں 8 ماہ کی نور فاطمہ، 6 سالہ بسمہ اور 12 سالہ شہربانو شامل ہیں۔