• news

اقتصادی راہداری، وزیراعظم نے مغربی روٹ کی رقم 20 سے بڑھا کر 40 ارب کردی: چیئرمین این ایچ اے

اسلام آباد (آئی این پی) چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی شاہد اشرف تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف آئندہ سال جنوری میں اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے منصوبے کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھیں گے، منصوبے کی رقم 20 ارب سے بڑھا کر 40 ارب روپے کردی گئی ہے، منصوبہ تین سال میں مکمل ہوگا، کراچی حیدر آباد سپر ہائی وے کو 6 لائن موٹر وے میں تبدیل کیا جا رہا ہے اور یہ مارچ 2017ء میں مکمل ہو جائیگا، تین سال کے عرصے میں 750 ارب روپے کے منصوبے مکمل کے جائیں گے جس سے پاکستان کا نقشہ تبدیل ہوگا، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 750 ارب روپے کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے مواصلاتی شعبے کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے خطے میں خوشحالی کا نیا دور شرو ع ہوگا، چینی کمپنیاں پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این ایچ اے شاہد اشرف تارڑ نے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 750 ارب روپے کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے مواصلاتی شعبے کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔ نارتھ سائوتھ موٹر وے پشاور سے کراچی تک تین سالوں میں مکمل کریں گے جبکہ ایسٹ ویسٹ پر بھی کام جاری ہے، بلوچستان اور سندھ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے ۔گلگت سے لے کر حیدرآباد تک موٹرویز اور ہائی ویز کے ذریعے چار سے چھ لائن کی سڑکیں تعمیر کی جائیں گی اور ان علاقوں میں 42 صنعتوں کو فروغ ملے گا جس سے مجموعی قومی پیداوار میں ایک فیصد اضافہ ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن