2015ء فلم انڈسٹری کیلئے بہتر رہا، 23 فلمیں ریلیز کی گئیں
لاہور (سیف اللہ سپرا) سال 2015ء فلموں کی تیاری اور ریلیز کے حوالے سے پچھلے چند برسوں کی نسبت کچھ بہتر رہا۔ 2015ء میں 23 پاکستانی فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں گڈ مارننگ کراچی، جلیبی، ٹیچر، انصاف، گجر پورے دناں دا، تین بہادر، ضدی مٹیار، رانگ نمبر، بازار، بن روئے، گناہگار، رضیہ پھنس گئی غنڈوں میں، کراچی سے لاہور، مور، دیکھ مگر پیار سے، شاہ، باغی کمانڈو، منٹو، ہلہ گلہ، جوانی پھر نہیں آنی، سوارنگی، سوہنا گجر اور صنم ہیں۔ مذکورہ 23 فلموں میں سے بن روئے، ہلہ گلہ، جوانی پھر نہیں آنی۔ دیکھ مگر پیار سے، منٹو، رانگ نمبر، مور اور کراچی سے لاہور معیاری فلمیں تھیں جو لوگوں نے پسند کیں۔ فلم بن روئے پاکستان کے علاوہ بھارت، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، متحدہ عرب امارات سمیت متعدد ملکوں میں ریلیز ہوئی۔ اداکار ہمایوں سعید کی دو فلمیں بن روئے اور جوانی پھر نہیں آنی سپر ہٹ ہوئیں۔ فلموں کی کامیابی سے فلمسازی کے رجحان میں بھی اضافہ ہوا اور اس وقت متعدد نئی فلمیں بن رہی ہیں جن میں فلمساز و ڈائریکٹر سنگیتا کی تم ہی تو ہو، فلمساز اعجاز کامران کی بلائنڈ لو، ہدایت کار نور کی عشق پوزیٹو، اداکار معمر رانا کی بطور ہدایت کار فلم سکندر، ہدایت کار پرویز کلیم کی شوٹ ہارٹ شامل ہیں۔ 2015ء میں بھارت کی 50 کے قریب فلمیں ریلیز ہوئیں۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔