امریکہ سے مشاورتی اجلاس : پاکستانی فورسز کی استعداد بڑھانے پر اتفاق‘ کولیشن فنڈ جلد جاری کرنیکا مطالبہ
واشنگٹن (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اور امریکہ نے دفاع کے شعبے میں تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، پاکستان قبائلی علاقوں میں انتہاءپسندی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا جبکہ امریکہ نے اعتراف کیا ہے کہ دہشت گردی کے نیٹ ورک توڑنے میںپاک فوج نے اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور امر یکہ کے دفاعی مشاورتی اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر متفق ہوگئے۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز کی استعداد کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان کے سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) عالم خٹک کے سربراہی میں وفد نے امریکی دفاعی حکام سے ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے رہنماﺅں نے ملکی سلامتی خطے میں سکیورٹی معاملات پاکستان کیلئے سکیورٹی تعاون اور اتحادی سپورٹ فنڈ کی بحالی سے متعلق دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں علاقائی سلامتی سے متعلق درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور امریکہ کے مابین دفاع کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر متفق ہونے کے ساتھ امریکہ نے پاکستان کے پاک افغان کی مشترکہ سرحد پر بہتر انتظام میں تعاون بڑھانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کی قبائلی علاقوں میں انتہا پسندی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری دفاع عالم خٹک نے کی۔ امریکی وفد کی قیادت نائب وزیر دفاع کرسٹین گرفتھ نے کی۔ پاکستان نے کولیشن فنڈ کے جلد اجرا پر زور دیا۔
مشاورتی اجلاس