• news

شوال اور وادی تیراہ میں بمباری‘ 23 دہشت گرد ہلاک‘ 6 ٹھکانے تباہ

خیبر ایجنسی+ وانا + کوہاٹ (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) آئی ایس پی آر کے مطابق شوال اور خیبر ایجنسی کے علاقے وادی تیراہ میں بمباری کے دوران 23 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ فضائی کارروائی میں 10دہشت گرد زخمی بھی ہوئے دہشت گردوں کے 6 ٹھکانے بھی تباہ کئے گئے۔ وادی تیراہ میں فضائی کارروائی کے دوران 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان اور لشکر اسلام سے تھا۔ سکیورٹی حکام کے مطابق کارروائی سے قبل ایک درجن سے زائد دہشت گردوں کا ایک گروہ خفیہ مقام پر دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا، ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان اور لشکر اسلام سے ہے، دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور لٹریچر بھی برآمد کر لئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں لوئر اورکزئی کے علاقے سانگھڑا میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گرد کمانڈر کے گھر سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کر لیا۔ اسلحے میں راکٹ، مارٹر گولے اور مختلف سائز کے تیار شدہ بم شامل تھے۔ دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری ہے۔ ادھر جنوبی وزیرستان کی تحصیل سروکئی میں سکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ تین کو زخمی حالت میں گرفتارکر لیا گیا، متعدد ٹھکانے مسمار کر دئیے گئے اور اسلحہ و گولہ بارود برآمدکرلیاگیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل سرواکئی علاقہ کنڈ غر میں خفیہ اطلاع کی بنا پر دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین شدت پسند زخمی حالت میں گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ ادھر پشاور میں حساس اداروں نے برٹش ہومز راولپنڈی کے علاقے میں کارروائی کر کے 7 مشتبہ غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا۔ غیر ملکیوں سے اہم دستاویزات برآمد کر لی گئیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق غیر ملکی پاکستان میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

23 دہشت گرد ہلاک

ای پیپر-دی نیشن