ٹوبہ ٹیک سنگھ: ٹکٹوں کی تقسیم پر تحریک انصاف میں اختلافات، ریاض فتیانہ کی بغاوت
ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) تحریک انصاف کی مقامی قیادت میں شدید اختلافات پیدا ہو گئے جس کی وجہ سے سابق صوبائی وزیر اور تحریک انصاف کی انسانی حقوق کے چیئرمین ریاض فتیانہ نے بغاوت کا اعلان کر دیا۔ چند روز قبل فتیانہ ہائوس میں ایک اجلاس ہوا جس میں ضلعی صدر میجر (ر) احمد نواز، تحصیل صدر کاشف اللہ فتیانہ اور دیگر کارکنوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سونیا علی رضا کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے۔ اس موقع پر رائو کاشف ظفر اور دیگر رہنمائوں نے اعلان کیا کہ سونیا اور اس کے خاندان کی حمایت کرینگے۔ ریاض فتیانہ واحد ایم پی اے تھے جنہوں نے کہا کہ سازش کے تحت رانا شفیق کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا، اس حلقہ میں بھی اوکاڑہ کی طرح مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کا صفایا ہو جائے گا اور آزاد امیدوار کامیاب ہو گا۔ انہوں نے کہا میری پوزیشن خراب کی جا رہی ہے، چودھری سرور اس ناکامی کی ذمہ داری مجھ پر ڈال کر خود یہاں سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔