• news

قومی آپریشن محدود کرنے سے سوالات اٹھ رہے ہیں: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ معاشی دہشت گردوں اور سہولت کاروں کے خلاف آپریشن منطقی انجام تک پہنچانا انہیں کی ذمہ داری ہے جنہوں نے یہ آپریشن شروع کروایا ۔جس دن تخت لاہور کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی شروع ہوئی تو پنجاب اسمبلی بھی مخالفانہ قراردادیں پاس کرنے میں پیچھے نہیں رہے گی۔ ماڈل ٹائون میں بے گناہوں کا خون بہانے والے ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنیوالوں کے سامنے بھیگی بلی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قومی آپریشن کو ایک خاص صوبہ اور علاقہ تک محدود کرنے کی وجہ سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔ وزارت داخلہ کی اپنی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی فنڈنگ لینے کے سب سے زیادہ اڈے پنجاب میں ہیں۔ لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، راولپنڈی کی گلیوں میں کریمنلز کا راج ہے۔ یہاں کی پولیس کسی بھی دوسرے صوبہ کی پولیس سے زیادہ رشوت خور، نا اہل اور نکمی ہے، یہاں آپریشن کیوں نہیں ہوتا؟ انہوں نے کہاکہ ملکی اداروں کو فیصلہ کرنا پڑے گا کہ کرپٹ حکمرانوں،کرپٹ جمہوریت اور نا اہل اسمبلیوں کو مضبوط کرنا ہے یا ملک کو دہشت گردوں سے محفوظ بنانا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن