ہری پور : مسلم لیگ نون کے رہنما ضلع کونسل کو احاطہ عدالت میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا
ہری پور(آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما ضلع کونسل کے رکن جاوید خان کو احاطہ عدالت میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ، پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے، تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما رکن ضلع کونسل جاوید خان ہفتہ کے روز ایک مقدمے کے سلسلے میں عدالت میں موجود تھے کہ مسلح شخص نے احاطہ عدالت میں داخل ہو کر ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس سے وہ زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا تاہم وہ ہسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ جاوید خان مسلم لیگ ن کے دیرینہ کارکن تھے اور حال ہی میں رکن ضلع کونسل منتخب ہوئے تھے، ملزمان نے جاوید خان پر احاطہ عدالت میں پولیس کی موجودگی میں فائرنگ کی اور باآسانی جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا پولیس نے تعاقب کرکے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ سابقہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہو تا ہے تاہم تحقیقات سے قبل کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جا سکتی۔واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل جاوید خان نے ایبٹ آباد میں ایک پریس کانفرنس کی تھی جس میں انہوں نے اپنی جان کو لاحق خدشات سے میڈیا کو آگاہ کیا تھا۔
ہری پور/قتل