مذاکرات پر بھارتی آمادگی پاکستان کی اخلاقی فتح ہے: مسعود خان
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی)کے ڈائریکٹر جنرل اور سابق سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مذاکرات پر آمادگی پاکستان کی اخلاقی فتح ہے۔ بھارت نے پاکستان کیساتھ مذاکراتی عمل کیلئے سنجیدگی دکھائی ہے جو اہم پیشرفت ہے۔پاکستان نے بھارت کیساتھ ہمیشہ تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔ پاک بھارت جامع مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سفیر مسعود خان نے کہا بھارت نے مذاکرات کیلئے سنجیدگی دکھائی ہے جو ہماری اخلاقی فتح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے مابین اہم معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔ سابق سفیر کا کہنا ہے کہ مذاکراتی عمل کے تسلسل سے ہی ہم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ پاکستان اور بھارت اب اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ تنازعات صرف مذاکرات سے ہی حل کئے جاسکتے ہیں۔ جو دونوں ملکوں کے مابین مثبت پیشرفت ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔ مسعود خان نے کہا کہ ایجنڈا طے کرنے کی غرض سے دونوں ملکوں کے سیکرٹریز اگلے ماہ ملاقات کرینگے۔