نامکمل معلومات کے باوجود تاشفین ملک کو ویزا جاری کردیا گیا: امریکی رکن کانگریس
واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی کانگریس کے رکن باب گڈلیٹ نے امیگریشن عہدیداروں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیلیفورنیا میں فائرنگ کے واقعہ میں ملوث تاشفین ملک کو درخواست میں نامکمل معلومات کے باوجود ویزا جاری کردیا گیا تھا۔ 29 سالہ تاشفین کی درخواست میں رضوان سے ملاقات کا ثبوت پیش کئے بغیر منگیتر کا ویزا جاری کیا گیا۔ تاشفین کی درخواست پر نظرثانی کرنیوالے عہدیداروں نے دونوں کی ملاقات کے حوالے سے مزید ثبوت مانگے تھے تاہم مزید شواہد کے بغیر ہی ویزے کی منظوری دیدی گئی۔ درخواست میں صرف یہ ثبوت پیش کئے گئے کہ دونوں ایک ہی وقت میں سعودیہ میں موجود تھے۔ مزید برآں دونوں کے ایک وقت میں سعودی عرب میں موجود ہونے کے حوالے سے بھی شکوک موجود ہیں تاہم اگر دونوں ایک وقت میں سعودی عرب میں رہے بھی ہوں مگر دونوں کے درمیان ملاقات کے ثبوت فرہم نہیں کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ انکی کمیٹی ویزا پروسیسنگ سکیورٹی کو مضبوط کرنے کیلئے ایک بل پر کام کر رہی ہے۔