• news

کانگرس نے گوانتاناموبے جیل بندکرنے کی منظوری نہ دی تو صدارتی اختیار استعمال کرونگا :اوباما

واشنگٹن (آن لائن) امریکی صدر بارک اوباما نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنے دور صدارت میں ہی گوانتاناموبے جیل کو بند کردیں گے اور یہاں سے قیدیوں کی منتقلی کا معاملہ بھی حل ہو جائے گا اگر کانگریس نے گوانتانامو کا قید خانہ بند کرنے کے منصوبے کی منظوری نہ دی تو وہ اس سلسلے میں اپنا صدارتی اختیار استعمال کر سکتے ہیں۔ واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اوباما نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ آئندہ برس کے آغاز میں گوانتانامو میں قید افراد کی تعداد 100 سے کم رہ جائے گی۔ امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایوانِ نمائندگان اور سینٹ کے سامنے اس قید خانے کی بندش کا ایک منصوبہ پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ کانگریس اس منصوبے کی منظوری دے گی تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہ ہوا تو وہ اپنے ایگزیکٹو اختیارات استعمال کر کے بھی اس پر عمل درآمد کر سکتے ہیں۔ امریکی صدر نے خواہش ظاہر کی کہ کیوبا کے جزیرے پر قائم یہ جیل ان کے دورِ صدارت میں بند ہو جائے گی۔اوباما نے کہا کہ داعش کو شکست دینے کیلئے عالمی برادری کیساتھ ملکر کارروائیاںکی جا رہی ہیں، ہمیں داخلی طور پر چوکنا رہنا ہوگا۔ شام اور عراق میں داعش کی اصل جڑ پر کاری ضرب لگانے کیلئے کارروائی جاری ہے۔ شامی تنازع کے بارے میں امریکی صدر نے کہا کہ خونریزی بند کرنے کیلئے ضروری ہے کہ بشارالاسد عہدے سے الگ ہوجائیں۔

ای پیپر-دی نیشن