سانگھڑ: فنکشنل لیگ کے رہنمائوں کیخلاف مقدمہ درج کرنے پر کئی علاقوں میں ہڑتال
سانگھڑ +حیدرآباد(نامہ نگاران) سانگھڑ میں مسلم لیگ فنکشنل کے رہنمائوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر مختلف علاقوں میں ہڑتال کی گئی۔ سانگھڑ میں 15 دسمبر کو دو سیاسی جماعتوں کے درمیان تصادم میں 4 افراد کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں مسلم لیگ فنکشنل کے رہنمائوں اور ارکان سندھ اسمبلی سعید خان نظامانی، وریام فقیر خاص خیلی، سابق رکن سندھ اسمبلی اور حر جماعت کے خلیفہ علی غلام نظامانی سمیت 18 رہنمائوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں 20 نامعلوم افراد کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ درج کرنے کے خلاف سانگھڑ کے شہروں کھپرو، سنجھورو، شاہ پور چاکر اور کھڈرو میں ہڑتال کی گئی۔ کاروباری مراکز، دکانیں اور بازار بند رہے اور ٹریفک نہ ہونے کے برابر رہی۔