• news

فیکٹری ایریا: گھر پر قبضے کا تنازعہ، وکیل کے گن مینوں کی مالکن پر فائرنگ، ملازم ہلاک

لاہور (نامہ نگار) فیکٹری ایریا کے علاقہ میں گھر پر قبضے کے تنازعہ پر وکیل کے گن مینوں نے گھر کی مالکن پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر 18سالہ ملازم ہلاک ہو گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے وکیل اور اس کے دو گن مینوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ فیکٹری ایریا کے علاقہ میں شیراز ولاز،کیولری گراؤنڈ کی رہائشی حرا عثمانی کا اپنے مکان پر قبضے کے سلسلے میں ڈاکٹر شہزاد سے عدالت میں مقدمہ زیر سماعت تھا، حرا نے کچھ عرصہ قبل اس مقدمے میں اپنے وکیل رانا مشتاق کو اپنے گھر کی بالائی منزل کرائے پر دے دی تھی مگر چند ماہ سے وکیل رانا مشتاق نے مکان کا کرایہ دینا بند کر دیا اور مکان کے بالائی پورشن پر قبضہ کر کے اپنے ساتھ دوگن مین بھی رکھ لئے جس پر حرا عثمانی اور رانا مشتاق میں جھگڑا چل رہا تھا۔گذشتہ روز حرا اپنی ایک سہیلی انسہ بٹ اور اس کے ملازم وقار کے ہمراہ شاپنگ کرنے بازار گئی ہوئی تھی۔ واپسی پر حرا نے گھر پہنچ کر دروازے پر دستک دی تو رانا مشتاق کے گن مینوں نے اندر سے ہی دروازے پر فائرنگ کر دی ایک گولی انسہ کے 18 سالہ ملازم وقار کو سر میں لگ گئی اور وہ مو قع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر فیکٹری ایریا پولیس نے موقع پر پہنچ کر وقار کی نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہے اور اس کی مالکن انسہ کے بیان پر مقدمہ درج کر کے رانا مشاق اور اس کے دو گن مینوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ مالک مکان حرا عثمانی کے مطابق رانا مشتاق نے چند روز قبل بھی اس پر فائرنگ کی تھی جس سے وہ معمولی زخمی ہو گئی تھی۔ اس سلسلے میں اس نے خود سی سی پی او لاہور سے مل کر کارروائی کے لئے درخواست دی تھی مگر پولیس نے کو ئی کارروائی نہیں کی جس کے باعث یہ واقعہ پیش آ گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن