سانحہ صفورہ میں داعش ملوث ، پاکستان میں موجودگی خارج از امکان نہیں: رحمان ملک
مدینہ منورہ (جاوید اقبال بٹ) سابق وزیر داخلہ سنیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ سانحہ صفورہ میں داعش ملوث ہے اور اس کی موجودگی پاکستان میں خارج از امکان نہیں، پاکستان کو بھارت اور افغانستان سے خطرات ہیں۔ بلاچستان میں گھناونا کھیل کھیلا جا رہا ہے ان خیا لات کا اظہار انہوں نے عمرہ کی ادائیگی کے بعد مدینہ پہنچنے پر نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔رحمان ملک نے کہا کہ 34 ملکی اتحاد خوش آئند ہے ہم بھی دہشت گردی کا شکار ہیں اور اس لعنت سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ رحمن ملک نے کہا کہ میں نے او آئی سی کوخط لکھا تھا کہ تمام اسلامی ممالک سے چند چند ہزار فوجی لیکر یہ کام کیا جائے تاکہ ہم اقوام متحدہ کی فوج کے محتاج نہ رہیں۔ رینجرز کے اختیارات متعین ہیں۔کپتان قائم علی شاہ ہیں۔ سندھ اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔ انہوں نے آصف علی زرداری اور مظفر ٹپی کے ہمراہ عمرہ ادا کیا۔ انہوں نے سعودی حکومت کا پروٹوکول کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔ میتاق جمہوریت کے بعد اب تمام سیاسی جماعتوں میثاق اتحاد، نظم بھی کرنا ہوگا۔ آصف علی زرداری 27 دسمبر کو بے نظیر بھٹو شہید کی برسی تقریب میں موجودنہیں ہوں گے۔جب ان سے پوچھا گیا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کا کریڈٹ وفاقی حکومت کو جاتا ہے تو رحمان ملک نے کہا کہ یہ اچھی شروعات ہے۔