اٹلی: میوزیم اور شاپنگ سنٹر میں بم کی افواہ، لوگوں میں خوف و ہراس سکیورٹی فورسز نے کلیئر قرار دیدیا
روم (اے ایف پی) اٹلی کے شمالی شہر ٹنیورین میں دو مقامات پر بم کی موجودگی کی افواہوں پر لوگوں میں خوف پھیل گیا۔ داعش کے حامی جہادی گروپ کی جانب سے ملنے والی اطلاع میں کہا گیا تھا کہ سینما کے میوزیم میں بم موجود ہے جو پھٹ سکتا ہے۔ پولیس نے میوزیم کو خالی کرا لیا۔ پولیس نے اس یادگار کے اطراف کو سیل کر دیا تاہم بم ڈسپوزل سکواڈ نے علاقے کی مکمل تلاشی کے بعد اطلاع کو غلط قرار دیا۔ اسی دوران ایک اور کال کو ٹریس کیا گیا جس میں ایک شاپنگ سنٹر میں بم کی موجودگی کا کہا گیا تاہم اس مرتبہ شاپنگ سنٹر کو خالی نہیں کیا گیا تاہم پولیس نے پورے سنٹر کو چیک کیا مگر یہ اطلاع بھی غلط ثابت ہوئی۔ ان اطلاعات کے باعث میوزیم آنیوالے سیاحوں اور شاپنگ سنٹر میں کرسمس کی خریداری کرنیوالے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔