• news

پیرس حملہ: مشتبہ ملزم صالح عبدالسلام فرار ہوتے ہوئے 3 پولیس چیک پوائنٹس سے گذرا: ذرائع

برسلز (اے ایف پی) پیرس حملے کا مشتبہ حملہ آور صالح عبدالسلام کو پیرس سے بیلجیم جاتے ہوئے 3 پولیس چیک پوائنٹس پر روکا گیا۔ پیرس حملہ کی تحقیقات سے متعلقہ ذرائع نے فرانسیسی اخبار ’’پی پیریزن‘‘ کی اس رپورٹ کی تصدیق کی ہے کہ بیلجیم فرار ہوتے ہوئے صالح عبدالسلام کو فرانس میں 3 مرتبہ روکا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق پہلی چیک پوسٹ پر صالح عبدالسلام کو لے جانے والے آتو اور امربی نے پولیس کے سامنے نشہ آور اشیاء کے استعمال کا اعتراف کیا تاہم انہیں جانے دیا گیا۔ آتو نے بتایا کہ صالح عبدالسلام نے انہیں کہا کہ وہ اسے لیکر چلیں ورنہ وہ کار کو اڑا دے گا۔ عبدالسلام نے چھوٹی سڑکوں پر چلنے کا بھی کہا مگر وہ بھول کر موٹروے پر چلے گئے۔ دوسری اور تیسری چیک پوائنٹس پر ان سے کاغذات نہیں مانگے گئے تھے۔ تیسری چیک پوائنٹ پر عبدالسلام نے پولیس کو مولن بیک کا اپنا ایڈریس بھی بتایا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ پٹرول بھروانے کیلئے رکنے پر عبدالسلام ٹوائلٹ میں گیا اور واپسی پر اس کی جیکٹ کھلی ہوئی تھی جس سے معلوم ہو رہا تھا کہ اس نے دھماکہ خیز مواد جسم کے ساتھ لگایا نہیں ہوا جیسا کہ آتو اور امری اس سے قبل سمجھ رہے تھے۔ عبدالسلام نے ان دونوں کو یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے بھائی کا کارڈ ایک کار میں چھوڑ آیا ہے تاکہ وہ بھی جنوری میں فائرنگ کرنے والے کولی بال کی طرح دنیا بھر میں جانا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن