• news

پاک فوج اور عوام کی قربانیوں سے امن و سکون کا دور لوٹ آیا گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب

پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبر پی کے سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ تاریخی شہر پشاور صوبہ کا دل ہے جس کے بہادر عوام نے ملکی امن و استحکام کی خاطر بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار تاریخی قصہ خوانی بازار کے اچانک دورہ کے دوران تاجر رہنمائوں اور شہریوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر گورنر سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ صوبہ خیبر پی کے اور خصوصاً اس کا دارالحکومت گزشتہ چند سالوں میں انتہائی کڑے وقت سے گزرا ہے، امن اور سکون کے دشمنوں نے اس شہر کو اپنی دہشت اور درندگی کا نشانہ بنایا لیکن یہاں کے بہادر عوام نے نہایت جرات اور استقامت سے بے لوث قربانی دے کر اس سرزمین کے ساتھ اپنی وابستگی اور وفاداری کا لازوال مظاہرہ کیا۔ پاک فوج اور عوام کی ان قربانیوں کے نتیجہ میں امن و سکون لوٹ آیا ہے اور اب وہ وقت دور نہیں جب پورا صوبہ اور خصوصاً پشاور ایک بار پھر امن و سکون، کاروبار وتجارت اور ثقافت و علم کا مرکز ہوگا۔ علاوہ ازیں ایڈورڈز کالج میں کرسمس کی تقریب سے خطاب میں گورنر مہتاب عباسی نے کہا ہے کہ بحیثیت پاکستانی ہمیں رنگ، نسل، ذات اور عقیدہ کی تفریق کئے بغیر اس ملک کی تعمیر و ترقی، امن کے استحکام، دہشت گردی اور جہالت کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ اقلیتی برادری کے حقوق کیلئے حکومت تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے ہرشعبہ زندگی بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ان کی خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ 

ای پیپر-دی نیشن