• news

سعودی عرب کی قیادت میں اسلامی اتحاد وقت کی ضرورت ہے: ساجد میر

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ مدارس کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی، نیشنل ایکشن پلان کے تحت مدارس کی رجسٹریشن پر ہمیں نہ کوئی پہلے اعتراض تھا نہ اب ہے ہمارا مطالبہ تھا کہ رجسٹریشن کے لئے فارم پیچیدہ نہیں ہو نا چاہئے حکومت نے ہمارا یہ مطالبہ مان لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی جمعیت اہل حدیث سٹی کی دعوت پر ایک روزہ تنظیمی دورے کے دوران مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے افراد، تاجر، علماء اور کارکنان جمعیت سے گفتگو اور میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا دینی مدارس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کیساتھ ہیں۔ دہشت گردی میں ملوث کسی بھی مدرسے کے بارے میں ثبوت فراہم کیے جائیں ہم خود کارروائی کریں گے۔ علامہ ساجد میر نے سعودی عرب کی قیادت میں عالمی اسلامی اتحاد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد وقت کی ضرورت ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو بہت پہلے اس اتحاد کا حصہ بن جانا چاہئے تھا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کا کردار شاندار ہے۔ نواز شریف حکومت نے کشمیر کے معاملے میں جرأت مندانہ مؤقف اپنایا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن