• news

صوبے میں انصاف کی فراہمی کیلئے غیرمعمولی اصلاحات پر عملدرآمد شروع کر دیا: پرویز خٹک

پشاور(این این آئی) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے گزشتہ عام انتخابات کے دوران تحریک انصاف کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرتے ہوئے صوبے کے عام اور غریب آدمی کو انصاف اور حقوق کی فراہمی کیلئے غیر معمولی اصلاحات پر عمل درآمد شروع کردیا ہے اس کے مثبت اثرات پورے ملک پر پڑیں گے وزیراعلیٰ نے خبردار کرتے کہا سکولوں، ہسپتالوں، تھانوں ، پٹوار خانوں اور دیگر سرکاری دفاتر میں ملازمین کو اب رشوت اور سفارش کے بغیر عوام کی خدمت کرکے اُن کے حقوق فراہم کرنے ہوں گے اور اُن کیلئے آسانیاں پیدا کرنی ہوں گی اور ان سرکاری ملازمین کو اب وڈیروں کے بجائے عوام کی خدمت کرنی ہوگی۔صوبے میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نئی عمارتیں تعمیر کرنے کے بجائے موجودہ صوبائی حکومت نے فیصلہ کیا ہے ان عمارتوں کی تعمیر سے قبل پہلے سے موجود سکولوں اور ہسپتالوں کی عمارتوں کو مکمل طوپر ٹھیک کیا جائے تمام ضروری سہولتیں پوری کی جائیں اور دونوں شعبوں میں ان منصوبوں پر کام شروع کردیا گیا ہے وہ اتوار کے روز ایبٹ آباد میں ایبٹ آباد مری روڈ کو دورویہ کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے مشتاق احمد غنی، قلندر خان لودھی، سردار ادریس، ڈاکٹر اظہر اور پی ٹی آئی کے رہنما علی خان جدون نے بھی خطاب کیا اور مشتاق احمد غنی نے سپاسانامہ پیش کرتے علاقے کے مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی مری چوک ایبٹ آباد سے پہلے مرحلے میں ٹھنڈیانی چوک تک سڑک کو ایک ارب روپے کی لاگت سے دو رویہ کرکے اسے تمام سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا جبکہ پرویز خٹک نے اگلے مرحلے میں منصوبے کو باڑیاں تک وسیع کرنے کا اعلان کیا وزیراعلیٰ نے اس موقع پر ایبٹ آباد میں قبرستان کیلئے پانچ کروڑ روپے، پریس کلب ایبٹ آباد کیلئے 50 لاکھ روپے ، ڈھمتوڑ میں فٹ بال گرائونڈ کی تعمیر، حویلیاں روڈ کو ایک ارب روپے کی لاگت سے پختہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا موجودہ صوبائی حکومت نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار تجاوزات کے خلاف آپریشن میں بڑی بڑی اور با اثر شخصیات کو بھی نہیں بخشا اور اس آپریشن کا آغاز نتھیاگلی سے کیا گیا جہاں صوبائی سیکرٹریوں اور وزراء کے تجاوز شدہ بنگلے بھی گرائے گئے اور صوبے بھر میں اس آپریشن سے 10 ارب روپے سے زائد کی سرکاری اراضی کو واگزار کرایا گیا۔ اسی طرح ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پوری کرنے کے لیے ان کے لیے اضافی مالی مراعات کے 3.3 ارب روپے کے پیکج کی منظوری دی گئی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن