کشمور : شدید دھند کے دوران موٹر سائیکل اور کار میں تصادم، 2 افراد جاں بحق
کشمور/بھکر (آن لائن+آئی این پی) کشمور کے قریب بڈانی میں شدید دھند کی وجہ سے کار اور موٹرسائیکل میں تصادم کے نتیجہ میں دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔ دوسری طرف بھکر میں بس الٹنے سے 2خواتین سمیت 8مسافر زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق کشمور کے قریب انڈس ہائی وے پر شدید دھند کی وجہ سے کار اور موٹر سائیکل میں تصادم ہو گیا جس کی وجہ سے دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔ مرنیوالے افراد کا تعلق بڈانی شہر سے ہے۔ موٹر سائیکل سوار سبزی فروش تھے اور کشمور جا رہے تھے جبکہ کار سوار کند ھ کوٹ جارہے تھے۔ علاوہ ازیں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر بھکر کے علاقہ میانوالی، مظفر گڑھ روڈ پر کراچی سے پشاور جانیوالی تیز رفتار بس الٹ گئی جس کے نتیجہ میں 3خواتین سمیت 8مسافر زخمی ہو گئے جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ پولیس کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور خراب سڑک کے باعث پیش آیا۔