• news

اقتدار میں آ کر شریف برادران کو نہیں چھوڑوں گا‘ عمران : مہنگائی کیخلاف مہم کا اعلان

لودھراں (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مہنگائی کے خلاف پنجاب اور قومی اسمبلی میں مہم چلانے کا اعلا ن کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی کی جائے، بھارت میں کپاس کی پیداوار تین گنا بڑھ گئی ہے، 2013ءمیں اتنا جنون نہیں دیکھا جتنا اب دیکھ رہا ہوں عوام تھانہ اور کچہری کی سیاست سے آزادی چاہتے ہیں۔ جہانگیر ترین کے الیکشن کی وجہ سے نواز شریف نے لودھراں کیلئے اڑھائی ارب روپے کا پیکج دیا لیکن یہاں کے عوام بکنے والے نہیں، میاں صاحب کی بری عادت ہے بات پر قائم نہیں رہتے۔ یہاں این اے 154 کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم تبدیلی اور نیا نظام چاہتے ہیں،خیبر پی کے میں پولیس انتقامی کارروائی نہیں کرتی، ہمارے کارکنوں پر جھوٹی ایف آئی آر کاٹی گئی، عوام تبدیلی کے لیے تحریک انصاف کے جلسوں میں آتی ہے۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کے جنون کی وجہ سے نواز شریف نے ڈھائی ارب روپے کا پیکج دیا، جہانگیر ترین الیکشن نہ لڑتے تو یہ پیکج نہ آتا۔ لودھراں کے لوگ پیکج پر بکنے والے نہیں، یہ غیرت مند لوگ ہیں بہادر لوگ ہیں، نیا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر خر چ ہونے والی رقم سے 25 لاکھ بچے سکول جاسکتے ہیں، ایک کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں، ہسپتالوں پر خرچ کریں تو ایک بستر پر دو مریض نہ ہوں، یہ لوگ تھانے کچہری سے تنگ آگئے ہیں، انصاف چاہتے ہیں، سڑکوں پر بعد میں پہلے پیسہ عوام پر خرچ کریں۔ کسانوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہاں کسانوں کا معاشی قتل ہورہا ہے، پاکستان میں 30 فیصد کپاس کم ہوئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت 20 روپے فی لیٹر کم ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا لودھراں کے عوام کے ضمیر کی قیمت اڑھائی ارب نہیں، (ن) لیگ 30 سال سے پنجاب میں حکومت کر رہی ہے۔ موبائل فون کارڈ خریدنے پر 100میں سے 40 روپے ایڈوانس میں ہی کٹ جاتے ہیں، ہم مہنگائی کے خلاف پنجاب اور قومی اسمبلی میں مہم چلائیں گے، عالمی منڈی کے مطابق تیل کی قیمتیں نیچے آنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 11 سال کی کم ترین سطح پر ہے، انشاءاللہ پرسوں نتیجہ اور ترسوں ہم جشن منائیں گے، جہانگیر ترین کو مبارکباد دیتا ہوں وہ ضرور جیتے گا اور 2016 کو تبدیلی کا سال بنانا ہے۔ نیٹ نیوز کے مطابق انہوں نے کہا جب اقتدار میں آ¶ں گا تو کرپٹ افراد کو نہیں چھوڑوں گا۔ انہوں نے کہا جب میں اقتدار میں آ¶ں گا تو شریف برادران کو نہیں چھوڑوں گا، ظلم کا نظام نہیں چل سکتا، یہ تبدیلی کی طرف پہلا قدم ہو گا۔ جب تک دھاندلی کے
مجرموں کو سزا نہیں ملے گی چپ نہیں بیٹھیں گے۔ نئے پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ 22 جماعتوں نے کہا 2013ءکے الیکشن میں دھاندلی ہوئی۔ حکمران ملک میں شفاف انتخاب نہیں ہونے دیں گے۔ نواز شریف آپ اقتدار میں ہیں، جہانگیر ترین کرپٹ ہیں تو پکڑتے کیوں نہیں؟
عمران خان

ای پیپر-دی نیشن