• news

عمران میانوالی میں لوگوں کی زمین کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتے : حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے لودھراں میں این اے 154کے ضمنی الیکشن کے اختتامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ دھمکیوں، دھاندلی کے واویلے، دوسروں کی زمینوں پر دھونس جمانے اور جھوٹ کی سیاست پر اکسانے والے ناکام ہو چکے ہیں۔ عمران خان سوچ سمجھ کر بات کریں اگر انہوں نے مایوس شہریوں کی زمینوں کو میلی نظر سے دیکھا تو خود عوام ان کا محاسبہ کریں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ صوبہ خیبر پی کے میں بجلی کے پاور پلانٹس لگانے اور اندھیرے ختم کرنے کے لئے مختص رقم سے سٹہ کھیلا گیا جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں شمسی توانائی،کوئلے اور دیگر ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شرو ع ہو چکے ہیں جو 2017ءتک لوڈ شیڈنگ کے جن کو بوتل میں بند کردیں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ موجودہ قیادت دن رات نیک نیتی کے ساتھ عوامی خدمت پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ حکومت کی اڑھائی سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے جس بنیاد پر انشاءاللہ 23دسمبر کو این اے 154ضمنی الیکشن میں بلدیاتی اور دیگر ضمنی انتخابات کی طرح میاں محمد نواز شریف کا شیر ہی کامیاب ہو گا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ کسان پیکج پر کسانوں کو امدادی رقوم ملنے پر عمران خان نے عدالتوں سے حکم امتناعی حاصل کرلیا ، میں انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ وہ جہانگیر ترین کے جہاز سے نکل کر، تکبر کی سیاست ترک کر کے عوام کے سامنے سچ تسلیم کریں ان کے پاس آئندہ اڑھائی برس خیبر پی کے میں کام کرنے کے لئے ہیں۔ عوام 2018ءمیں بہتر کارکردگی کا خود ہی فیصلہ کر لیں گے۔ حمزہ شہباز نے لودھراں شہر کے مسائل کے حوالے سے یقین دلایا کہ 23دسمبر کی کامیابی پر وہ خود عوام کا شکریہ ادا کرنے آئیں گے۔ قبل ازیں حمزہ شہباز پنڈال میں خطاب کرنے آئے تو اراکین اسمبلی، مسلم لیگی عہدیداروں اور پارٹی کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور دیکھو دیکھو کون آیا، شیر آیا شیر آیا کے نعرے لگاتے رہے۔ جلسہ گاہ کھچا کچ بھر جانے کے بعد مسلم لیگی کارکن سٹیڈیم کے دوسرے سٹیج پر چڑھ گئے۔ جلسہ گاہ میں خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ این اے 154سے مسلم لیگی امیدوار صدیق خان بلوچ ،این اے 155سے ایم این اے عبدالرحمن کانجو ، ممبران اسمبلی اور پارٹی عہدیداروں نے بھی خطاب کیا۔
حمزہ شہباز

ای پیپر-دی نیشن