• news

پاکستان سپر لیگ کے لئے 21 غیر ملکیوں سمیت 45 کھلاڑی منتخب‘ پلاٹینم ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹگریز ہونگی

لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس+ نوائے وقت رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا جس میں پلاٹینم، ڈائمنڈ اور گولڈ کیٹگری کے لیے پانچوں ٹیموں کے فرنچائزر نے 45 کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کر لیں۔ پہلے روز ڈرافٹنگ میں 21 غیر ملکی کھلاڑی مختلف سکواڈ میں شامل کیے گئے۔ قومی ٹی ٹونٹی کے کپتان شاہد آفریدی کی خدمات پشاور ٹیم نے اسلام آباد سے ٹریڈنگ کے ذریعے حاصل کر لیں۔ سپاٹ اور میچ فکسنگ میں سزا پوری کرنے والے ایم عامر بھی پاکستان سپر لیگ میں کراچی ٹیم کی نمائندگی کرینگے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں رنگا رنگ تقریب میں کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کے پہلے مرحلے میں ٹیموں کے فرنچائزر نے تین کیٹگریز میں کھلاڑیوں کو اپنی ٹیموں کا حصہ بنایا۔ پشاور زلمی کے فرنچائزر اور کوچنگ سٹاف نے پلاٹینم کیٹگری میں شاہد آفریدی، وہاب ریاض اور ڈیرن سیمی، ڈائمنڈ کیٹگری میں کامران اکمل، ایم حفیظ، کرس جورڈن جبکہ گولڈ کیٹگری میں تمیم اقبال، جنید خان اور جیمز ایلینڈی شامل ہیں۔ کراچی ٹیم نے سب سے پہلے شعیب ملک کو پلاٹینم میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا اس کیٹگری میں شکیب الحسن، اور سہیل تنویر بھی کراچی ٹیم کا حصہ بنے۔ ڈائمنڈ کیٹگری میں عماد وسیم، روی بوپارا، لینڈل سائمنز جبکہ گولڈ کیٹگری میں سپاٹ اور میچ فکسنگ میں سزا پانے والے ایم عامر، بلاول بھٹی، اور جیمز ونس شامل ہیں۔ اسلام آباد ٹیم نے پلاٹینم کیٹگری میں شین واٹسن، آندرے رسل، مصباح الحق، ڈائمنڈ کیٹگری میں سیموئل بدری، ایم عرفان، براڈ ہیڈن جبکہ گولڈ کیٹگری میں شرجیل خان، ایم سمیع اور خالد لطیف شامل ہیں۔ کوئٹہ ٹیم کی پلاٹینم کیٹگری میں کیون پیٹرسن، سرفراز احمد، احمد شہزاد، ڈائمنڈ کیٹگری میں انور علی، حیسن ہولڈر، لیوک رائٹ جبکہ گولڈ کیٹگری میں ذولفقار بابر، عمر گل اور ایلٹن چگمبرا شامل ہیں۔ لاہور ٹیم کی پلاٹینم کیٹگری میں کرس گیل، ڈیوائن براو، عمر گل، ڈائمنڈ کیٹگری میں ایم رضوان، یاسر شاہ، صہیب مقصود جبکہ گولڈ کیٹگری میں مستفیض الرحمان، کیون کوپر، کیمرون ڈیلپورٹ شامل ہیں۔ دریں اثناءپاکستان سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کے لیے ہونے والی ڈرافٹنگ میں چار ٹیموں پشاور، کراچی، اسلام آباد اور کوئٹہ کی ٹیموں کے کپتان نامزد ہو گئے جبکہ لاہور ٹیم کی انتظامیہ اپنے کپتان کا فیصلہ نہ کر سکی۔ پشاور زلمی ٹیم کی قیادت شاہد خان آفریدی، کراچی کنگز کی قیادت شعیب ملک، اسلام آباد یونائٹیڈ کی طرف سے مصباح الحق جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی طرف سے یہ فریضہ سرفراز احمد انجام دینگے۔ پہلی تین کیٹگریز میں لاہور قلندر ٹیم کے منتخب کھلاڑیوں میں کپتان کا فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔ ٹیم کے آفیشل نے کہا کہ ابھی کپتان کے لیے مشاورت نہیں ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن