چوری کا ملزم درخواست ضمانت مسترد ہونے پر ہائیکورٹ سے فرار
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ سے ضمانت منسوخ ہونے پر چوری کا ملزم احاطہ عدالت سے فرار ہو گیا۔حسب معمول سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے رہے۔ عدالت عالیہ کے روبرو ملزم عمر فاروق کے وکیل نے بتایا اس کے موکل کے خلاف تھانہ شمالی چھاؤنی میں چوری کا بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں نہ تو کوئی گواہ موجود ہے اور نہ ٹھوس شواہد، ملزم شامل تفتیش ہونا چاہتا ہے لہذا اسکی ضمانت منظور کی جائے تاہم سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، اس سے ابھی تفتیش کرنا باقی ہے لہذا اسکی درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کی تو ملزم کمرہ عدالت سے نکلتے ہی پولیس کو چکمہ دے کر بھاگ نکلا۔