• news

دبئی: کشمیری تاجروں کا اجلاس،پاکستان اور بھارت کیلئے 6نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ منظور

نئی دہلی ،دبئی (کے پی آئی) لائن آف کنٹرول کے آر پار تاجر تنظیموں کے 23 نمائندوں نے پاکستان اور بھارت کے لیے 6نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ منظور کر لیا ہے۔چارٹر آف ڈیمانڈ میں دونوں ممالک کی حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بحالی اعتماد کی کوششوں کے تحت ایل او سی آر پار تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کریں۔ اس امیدکا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹری میٹنگ میں آر پار تجارتی سرگرمیوں سے جڑے معاملات کو خصوصیت کیساتھ زیر غور لایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں لائن آف کنٹرول کے آر پار تاجر تنظیموں کے 23 نمائندوں کی کانفرنس میں متحدہ صدر جموںوکشمیر جائنٹ چیمبر آف کامرس وی وائی شرما، جائنٹ صدر آزادکشمیر ذوالفقار عباسی، راکیش گپتا، اشرف میر ودیگر نے شرکت کی جبکہ آزادکشمیر ویمن چیمبر آف کامرس کی چیئرپرسن و ڈپٹی سپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہین کوثر ڈار نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔جموں و کشمیر جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق شرکاء نے متفقہ طورپر پاکستان اور بھارت کی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر آر پار تجار ت کرنے والے تاجروں کو درپیش مشکلات کے حل کے حوالے سے میکنزم طے کیا جائے اور آر پار تاجروں کے روابط کو بہتر بنانے کے لیے دونوں ممالک اپنا کردار ادا کریں، جدید سکینزر کی تنصیب، تجارت کے لیے مختص دنوں میں اضافہ، تجارت کے لیے آئٹم فہرست میں اضافہ، بنکنگ کی سہولیات، تجارتی مراکز میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات کو مزید وسعت دی جائے،کارگل سکردو اور نوشہرہ چھمب تجارتی راستے کو بھی بحال کیا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جموں کشمیر جائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے انتخابات اگلے سال 31 جنوری تک ہونگے اور اس مرتبہ آزادکشمیر سے متحدہ صدر ہوں گے۔ ٹریڈر لیڈران بشمول مشاق احمد وانی اور بلال ترکی نے دبئی سے نئی دہلی پہنچنے کے فوراًبعد بتاکہ آر پار ٹریڈ اور دیگر اعتماد سازی اقدامات سے متعلق مذکورہ کانفرنس کامیاب رہی۔ 

ای پیپر-دی نیشن