محتسب پنجاب کابد انتظامی کا نوٹس، ڈی پی او بہاولپور کو پیش ہوکر وضاحت کرنے کا حکم
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) محتسب پنجاب جاوید محمود نے محکمہ پولیس میں بدانتظامی کا نوٹس لیتے ہوئے بہاولپور کے ڈی پی او سرفراز فلکی کو حکم دیا ہے کہ وہ 29 دسمبر کو تمام ریکارڈ سمیت ذاتی طور پر پیش ہو کر وضاحت کریں کہ ان کے ماتحت تھانہ چنی گوٹھ کے ایس ایچ او محمد شبیر نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری ڈیوٹی پر حاضر 4 ملازمین اور معتکف سمیت 12 افراد کے خلاف مقدمہ 126/14 کیوں درج کیا۔ ملزموں کی سرپرستی کر کے مدعیوں کو دھمکیاں دینے، ملزم کو مدعی اور مدعیوں کو ملزم بنانے، ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے دربدر کی ٹھوکریں کھانے والے بستی آرائیاں موضع لاڈنوالی کے سائلین آصف منظور اور سیف اللہ کے مقدمات درج نہ کرنے، اعلیٰ حکام کو بار بار درخواستیں دینے کے باوجود ملزموں اور پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی گئی۔