• news

گیس کی قلت برقرار، گوجرانوالہ، جڑانوالہ میں مظاہے، عید میلاد النبیؐ پر بجلی بند نہ کرنے کی ہدایت

لاہور + گوجرانوالہ + اسلام آباد (نامہ نگاران + نمائندہ خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) گیس کی قلت گذشتہ روز بھی برقرار رہی جس کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے اور لوگ کھانا بازار سے خریدنے پر مجبور ہو گئے۔ گوجرانوالہ اور جڑانوالہ میں گیس کی قلت کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ بجلی کی بندش کا سلسلہ گذشتہ روز بھی جاری رہا حکومت نے عید میلادالنبیؐ کے بابرکت موقع پر بجلی بند نہ کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ کل عید میلادالنبیؐ کے موقع پر دن کے اوقات میں بالعموم اور شام اور رات کے اوقات میں بالخصوص کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔ گوجرانوالہ میں گیس پریشر میں کمی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ سنی تحریک کے زیر اہتمام گیس پریشر میں کمی اور قیمتوں میں اضافے کیخلاف شیرانوالہ باغ جی ٹی روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس کی قیادت ضلعی صدر قاری محمد بوٹا جٹ، حافظ محمد طاہر رضا، عطاء الرحمن خان نے کی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ حکمران سوئی گیس کی قیمتوں میں 38 فیصد اضافہ فوری طور پر واپس لیں، ورنہ عوام بھر پور احتجاجی تحریک چلائیں گے، سوئی گیس پریشر کی کمی سے صنعتکاروں کے ساتھ عام صارف بھی متاثر ہو رہا ہے ، سوئی گیس کے پریشر کی کمی اور قیمتوں میں اضافے کے سبب فیکٹریاں بند کی جا رہی ہیں، رینالہ خورد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شہر بھر میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا صارفین کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے، بیجا لوڈ شیڈنگ پر شہری سراپا احتجاج بن گئے، بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور نواحی کالونیوں میںسوئی گیس کے پریشر کی کمی کے باعث مقامی رہائیشوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ این این آئی کے مطابق حکومت نے عید میلاد النبیؐ کے بابرکت و مقدس دن کے موقع پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ۔ حکومت کی ہدایت پر وزارت پانی و بجلی نے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں اور واپڈا حکام کو ملک بھر میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔ مراسلے میں ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے حکام کے کو ہدایت کی گئی ہے کہ عید میلادالنبیؐ کے موقع پرکل دن کے اوقات میں بالعموم اور شام و رات کے اوقات میں بالخصوص کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے تاکہ فرزندان توحید پرسکون اور خوشگوار ماحول میں اپنی مذہبی عبادات، رسومات وغیرہ سرانجام دے سکیں اور چراغاں میں بھی کسی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جڑانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق گیس کی عدم دستیابی پر ہائوسنگ کالونی، 127مدنی پارک، ابوذر کالونی کے رہائشیوں نے ٹائر جلا کر گیس دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور احتجاجی ریلی نکالی اور گیس دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین محکمہ گیس اور موجودہ حکومت کیخلاف درج نعروں والے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ مظاہر ین نے محکمہ گیس اور عملہ کیخلاف خوب نعرے بازی کی اور گیٹ پر انڈے مارے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور اور گردو نواح میں واپڈا کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ تو صبح نماز کے وقت بجلی ہوتی ہے اور نہ ہی نماز کے کسی اور اوقات میں بجلی مہیا ہوتی ہے، گھروں میں روز مرہ کے کاموں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے نمٹانے میں مشکل ہو گئے ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی محمد یونس ڈھاگا نے کہا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کر دی گئی ہے، لوڈشیڈنگ کا شیڈول متعین کیا گیا ہے، 2014ء میں پانی و بجلی کی وزارت کے نقصانات 19فیصد تھے اب 18فیصد ہو گئے ہیں، جس سے 10ارب کا فائدہ ہوا ہے، دیامر بھاشا ڈیم کیلئے جنوری میں 100فیصد زمین حاصل کر لی جائے گی، جنوری میں ہی کام شروع ہو گا، 7000میگا واٹ کے توانائی منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے، 8270 منصوبوں سے 17045میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی، وہ منگل کو تربیلا غازی میں ٹی4 منصوبے پر میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے کہا کہ جن ڈسکوز میں بورڈ آف ڈائریکٹرز صحیح کام نہیں کر رہے تھے وہاں کے چیئرمین بھی تبدیل کئے گئے ہیں۔ تربیلا غازی میں ٹی 4منصوبے سے 1410میگاواٹ بجلی 2017 کے آخر میں قومی گرڈ میں شامل ہو جائے گی اور یہ بجلی انتہائی سستی ہو گی۔ حکومت کی جانب سے 2018 میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے اعلان پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آئیسکو میں مشکوک بھرتیوں پر کارروائی کرنے کی ہدایت کر دی۔ آئیسکو میں 87 مختلف عہدوں کیلئے مشکوک بھرتیاں کی گئیں 2018ء تک 21 ہزار میگاواٹ سے زائد کے بجلی کے منصوبے لگائے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن