مدارس میں مجوزہ نصاب پڑھانے کیلئے حکومت فنڈز فراہم کریگی
لاہور (مبشر حسن، دی نیشن رپورٹ) مدارس میں مجوزہ نصاب پڑھانے کے سلسلے میں اساتذہ کی بھرتی کیلئے حکومت فنڈز فراہم کریگی۔ حکومت کے ساتھ معاہدے کے تحت مدارس ملک اور بیرون ملک سے حاصل کئے گئے فنڈز کے ذرائع بھی ظاہر کرینگے جس کیلئے سالانہ آڈٹ کا طریقہ کار بھی وضع کیا جائے گا۔ مجوزہ پیکیج کے تحت طلبہ کو مفت کتابیں دی جائیں گی، امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے وال طلبہ کو ٹیبلٹ، لیپ ٹاپ اور وظائف دیئے جائیں گے، اہل افراد کو سرکاری ملازمتیں دینے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ وفاق المدارس نے نئے نصاب میں برداشت اور دہشت گردی کے حوالے سے موضوعات شامل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل وفاق المدارس قاری حنیف جالندھری نے تصدیق کی ہے کہ مدارس میں نئے نصاب پر حکومت سے معاہدہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا وفاق المدارس کے زیراہتمام کوئی مدرسہ غیرملکی فنڈ حاصل نہیں کر رہا۔